جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی ( نیپ) نے حلقہ ایل اے 19پونچھ 03راولاکوٹ کے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کردیا ہے اور نیپ کے مرکزی صدر سردار لیاقت حیات خان کو امیدوار نامزد کردیا ہے

0
201
راولاکوٹ ( بیورو رپورٹ ) جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی ( نیپ) نے حلقہ ایل اے 19پونچھ 03راولاکوٹ کے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کردیا ہے اور نیپ کے مرکزی صدر سردار لیاقت حیات خان کو امیدوار نامزد کردیا ہے ، یہ اعلان گزشتہ روز منگل کو غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ میں نیپ کے عہدیداران نے پریس کانفرنس میں اظہار کرتے ہوئے کیا ، ان رہنماؤں میں ضلعی صدر سردار ذوالفقار عارف ، سردار شاہد شارف ، سردار منصور صدیق ، سردار سلیم ظہور ، محمد حسیب ، محمد عادل خان شامل تھے جبکہ اس موقع پر نیپ اور این ایس ایف دیگر عہدیداران و کارکنان یاسرآزاد ، مرتضیٰ خان ، زاہد محمود ، طارق خان ، محمد یاسر خان ، فیصل خان ، عبدالقیوم بھی موجود تھے ، پریس کانفرنس میں ان عہدیداران نے کہا کہ نیپ اور ااین ایس ایف کے مشترکہ اجلاس میں کثرت رائے ضمنی الیکشن میں بھرپور طریقہ سے حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ،، ہارجیت ہمارے کوئی اہمیت نہیں رکھتی ہم اپنا نظریہ اور قائد کشمیر مقبول بٹ شہید کا پیغام گھر گھر پہنچانا چاہتے ہیں تاکہ اس خطہ کو درپیش مسائل سے نجات دلائی جا سکے ، ہم عوامی آزادی ، خود مختاری کا نظریہ لیکر ہرگھر اور ہر ووٹر تک پہنچیں گے ، ہم سمجھتے ہیں روایتی سیاست ہمارے مسائل کا حل نہیں ، ہم ایسے سیاستدانوں سے لوگوں کو چھٹکار ا دلانا چاہتے ہیں جو کہ محض اقتدار اور مفادات کیلئے عوام کو جھانسے دیتے ہیں ، غیر ریاستی جماعتوں نے اس خطہ میں غلط سیاست کو پروان چڑھایا اور مفاد پرست سیاستدانوں نے جہاں ریاستی تشخص کو پامال کیا وہاں عوام کے حقیقی مسائل پر توجہ دینے کی بجائے ان میں اضافہ کیا ، ہم اس نظام کے خلاف مصروف جہد ہیں اور عوام کے بنیادی حقوق کی بازیابی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ، ہم وحدت کی بحالی اور سرمایہ دارانہ نظام کے خاتمہ کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کریں گے اور یہی ہمار ا مطمع نظر ہے ، اس وقت سیاست پر سرمایہ داروں کا قبضہ ہے جس کے باعث ایسا نظام سیاست پروان چڑھ چکا ہے جس سے غریب ، محنت کش اور مزدور طبقہ کے مسائل میں اضافہ ہورہا ہے، ہم غریب اور مظلوم عوام کیلئے جنگ لڑرہے ہیں اس لئے عوام سے بھی یہ اپیل کرتے ہیں کہ وہ حق و سچ کا ساتھ دیں ، ایک سوال کے جواب نے ان عہدیداران نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں دیگر قوم پرست جماعتوں سے بھی مذاکرات جاری ہیں اور جو جماعتیں الیکشن میں حصہ لینے کی حامی نہیں ہم نہ صرف انہیں اس سسٹم کا حصہ بننے کیلئے قائل کریں گے بلکہ الیکشن میں ان کی حمایت حاصل کرنے کے بھی اقدامات کریں گے،ہم عوام کو غیر ریاستی جماعتوں کے چنگل سے نجات دلا کر ریاستی تشخص کی بحالی کیلئے کوشاں ہیں اور ہمیں قوی امید ہے کہ لوگ ہمارے موقف کو پذیرائی دیں گے ، انہوں نے کہا کہ الحاق پاکستان کی شق کے نام پر قوم پرستوں کو الیکشن سے دور رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے جسے ہم دیگر ہم خیال لوگوں سے مل کر ناکام بنائیں گے ، ان عہدیداران نے واضح کیا کہ ضمنی الیکشن میں حکومتی مشینری کو استعمال کیا گیا یا وزراء نے لوگوں کے ضمیر خریدنے کی کوشش کی تو نیپ اور این ایس ایف کے کارکنان نہ صرف شدید مزاحمت کریں گے بلکہ انہیں حلقہ بدر کرنے سے بھی گریز نہیں کریں گے ، اس لئے حکومت اس حلقہ میں کسی طرح کی مداخلت کرنے سے بار رہے ، انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ نیپ کے امیدوار کے کاغذات نامزدگی 29نومبر کو جمع کروائیں گے ، ہماری انتخابی مہم زور و شور سے جاری ہے اور ہم اس مرتبہ حیرت انگیز نتائج دیں گے ۔ 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here